حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، انجمن شرعی شیعیان یوسف آباد، شریعت آباد، بڈگام، کشمیر نے عالمِ تشیع کی ممتاز علمی و دینی شخصیت، مرجعِ عالی قدر، شیخ الفقہاء و المجتہدین حضرت آیت اللہ العظمیٰ الحاج شیخ حسین وحید خراسانی رضوان اللہ تعالیٰ علیہ کے سانحۂ ارتحال پر ایک تفصیلی تعزیتی و تسلیتی پیغام جاری کرتے ہوئے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور مرحوم کی علمی، فقہی، تحقیقی اور دینی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
انجمن نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ حضرت آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانیؒ کے وصال کی خبر نے علمی، دینی اور حوزوی حلقوں کو گہرے رنج و الم میں مبتلا کردیا ہے۔ آپ کی رحلت ایک ایسے عظیم علمی و روحانی عہد کا اختتام ہے، جس نے کئی دہائیوں تک حوزاتِ علمیہ، بالخصوص حوزۂ علمیہ قم و نجف کو اپنے علم، فقاہت، تدریس، تحقیق اور تربیتِ علماء سے فیض یاب کیا۔
پیغام میں مزید کہا گیا کہ آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانیؒ کا شمار عالمِ تشیع کے ان ممتاز فقہاء و مراجع میں ہوتا تھا جنہوں نے اپنی پوری زندگی علومِ اہلِ بیت علیہم السلام کی ترویج، فقہ و اصول کی تدریس، دینی معارف کی اشاعت اور علمی نسلوں کی تربیت کے لئے وقف کر رکھی تھی۔ آپ کی شخصیت محض ایک مرجعِ تقلید تک محدود نہیں تھی، بلکہ آپ ایک جامع علمی شخصیت، بلند پایہ فقیہ، اصولی، محقق، مدرّس اور صاحبِ بصیرت عالمِ دین تھے۔
انجمن نے اس امر کی طرف بھی اشارہ کیا کہ آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانیؒ کی علمی و فقہی خدمات نے حوزاتِ علمیہ کو ایک نئی علمی وسعت عطا کی اور بے شمار تشنگانِ علومِ اہلِ بیت علیہم السلام آپ کے علم و معرفت سے سیراب ہوئے۔ آپ کی شخصیت فقہ و اصول، تدریس و تحقیق اور معارفِ اہلِ بیت علیہم السلام کے فروغ کے حوالے سے ایک ممتاز مقام رکھتی تھی۔
تعزیتی پیغام میں مزید کہا گیا کہ ایسے جلیل القدر علماء کی رحلت سے پیدا ہونے والا علمی خلا بآسانی پُر نہیں کیا جاسکتا، کیونکہ ان کی علمی و فکری خدمات کئی نسلوں کی تربیت میں بنیادی کردار ادا کرتی ہیں اور ان کی علمی میراث آنے والی نسلوں کے لئے رہنمائی کا سرچشمہ ہوتی ہے۔
انجمن شرعی شیعیان یوسف آباد، شریعت آباد کشمیر کے رئیس اور آیت اللہ یوسف میموریل ٹرسٹ کے چیئرمین حجۃ الاسلام والمسلمین آغا سید محمد ہادی الموسوی الصفوی اور انجمن کے تمام اراکین نے اس عظیم سانحے پر دلی رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے رہبرِ انقلابِ اسلامی ایران، مرحوم کے اہلِ خانہ، شاگردوں، متعلقین، مقلدین اور تمام حوزاتِ علمیہ کی خدمت میں تعزیت و تسلیت پیش کی ہے۔
پیغام میں بارگاہِ خداوندی میں دعا کی گئی ہے کہ پروردگارِ عالم مرحوم کو جوارِ رحمتِ معصومین علیہم السلام میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، ان کے درجاتِ علمی و معنوی میں مزید بلندی عطا کرے اور ان کے علمی، دینی و فکری آثار کو صدقۂ جاریہ قرار دے۔ اسی طرح ان کے جملہ پسماندگان، شاگردوں اور متعلقین کے لئے صبرِ جمیل اور اجرِ جزیل کی دعا بھی کی گئی ہے۔
علماء کی رحلت ایک عظیم علمی خلا
انجمن نے اپنے پیغام کے ایک حصے میں آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانیؒ کی رحلت کو علمائے ربانی کے مقام و مرتبے اور ملتِ تشیع کی علمی تاریخ میں ان کے بنیادی کردار کی یاد دہانی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملتِ تشیع کی تاریخ میں علمائے ربانی کا کردار ہمیشہ بنیادی اور فیصلہ کن رہا ہے۔ یہی وہ شخصیات ہیں جنہوں نے نامساعد حالات میں بھی علومِ محمد و آلِ محمد علیہم السلام کی حفاظت کی، دینی معارف کو زندہ رکھا اور اپنی علمی و عملی زندگی کے ذریعے آنے والی نسلوں کے لئے رہنمائی کا راستہ روشن کیا۔
اس ضمن میں امیرالمؤمنین حضرت علی علیہ السلام سے منسوب ایک روایت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ علماء کی اہمیت کو آسمان کے ستاروں سے تشبیہ دی گئی ہے، جو تاریکیوں میں راہ دکھاتے ہیں۔ جب یہ ستارے غائب ہوجاتے ہیں تو راہ دکھانے والوں کے لئے بھی راستہ دشوار ہوجاتا ہے۔
پیغام میں مزید کہا گیا کہ بلاشبہ حضرت آیت اللہ العظمیٰ شیخ حسین وحید خراسانیؒ بھی انہی تابندہ علمی شخصیات میں سے تھے جنہوں نے اپنی زندگی علم و معرفت، فقاہت و اجتہاد اور خدمتِ دین کے لئے وقف کردی۔ آپ کی رحلت سے عالمِ تشیع ایک جلیل القدر مرجع، ممتاز استاد اور صاحبِ نظر فقیہ سے محروم ہوگیا ہے۔
انجمن شرعی شیعیان کشمیر نے اپنے تعزیتی پیغام کے اختتام پر دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جوارِ رحمتِ اہلِ بیت علیہم السلام میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، ان کی علمی و دینی خدمات کو شرفِ قبولیت بخشے اور ملتِ تشیع کو ان کے فقدان کا صدمہ برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔










آپ کا تبصرہ